مالی سال کے پہلے چار ماہ میں موبائل فون کی درآمد میں 65 فیصد اور کاروں کی درآمد میں 80 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔
غیر ضروری لگژری درآمدی اشیاء کی حوصلہ شکنی کی حکومتی کوششیں کامیاب ہوتی نظر آرہی ہیں، اس کی واضح مثال یہ ہے کہ موجودہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں موبائل فونز اور کاروں کی درآمد میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں موبائل فونز کی درآمد میں 65 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق چار ماہ کے عرصے میں 22 کروڑ 60 لاکھ ڈالر یعنی 50 ارب 41 کروڑ روپے کے موبائل فون درآمد کئے گئے، جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں 64 کروڑ 46 لاکھ ڈالر کے فون درآمد ہوئے تھے، اور گزشتہ سال درآمدی موبائل فونز کا حجم 107 ارب روپے رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال کے پہلے چار ماہ میں کاروں کی درآمد میں بھی 80 فیصد تک کمی آئی، جولائی تا اکتوبر 37 کروڑ 94 لاکھ ڈالرزکی گاڑیاں امپورٹ کی گئیں، اور کاروں کی درآمد پر 74 ارب روپے کے مساوی زرمبادلہ خرچ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 4 ماہ میں 64 کروڑ 32 لاکھ ڈالرزکی کاریں درآمد کی گئیں، گزشتہ سال جولائی تا اکتوبر 106 ارب روپے مالیت کی گاڑیاں امپورٹ ہوئی تھیں۔






