معیشت پر مزید تجربے نہیں کر سکتے; وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے کہنے سے پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 2013 میں بھی دنیا کہتی تھی کہ ملک ڈیفالٹ کرجائے گا، ہم نے محنت کی 5 دن میں بجٹ دیا اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، ملک کا مالی انتظام بہتر کرنے کی پاداش میں 5 سال جلا وطنی گزاری، میرے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اپوزیشن سیاست کے لیے غیر سنجیدہ بیانات دے رہی ہے، اپوزیشن فرضی کرپشن کے قصے سنا کر پاکستان میں سرمایہ کاری کے راستے بند کر رہی ہے، ان کے کہنے سے پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جس رفتار سے ہم پہلے چل رہے تھے، ہمیں جی 20 کا حصہ ہونا چاہیے تھا لیکن آج ہماری معیشت 46 ویں نمبر پر جا پہنچی ہے،ہم نے روپے کو سوچے سمجھے بغیر ڈی ویلیو (سستا)کیا، ملک سے گندم کی اسمگلنگ کو جنگی بنیادوں پر روکنا ہو گا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معیشت پر مزید تجربے نہیں کر سکتے، یہاں امیر افراد قرضے معاف کرواتے، غریب کے اثاثے منجمد ہو جاتے ہیں۔