وزیراعظم کا بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، 10 ارب روپے امداد کا اعلان

وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے متاثرین کی بحالی کے لیے 10 ارب روپے امداد کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے جعفر آباد کے گاؤں حاجی اللہ دینو پہنچے اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان اور ڈی جی پی ڈی ایم اے وزیر اعظم کو سیلاب متاثرین کی امداد اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے کی گئی کوششوں پر بریفنگ دی۔
وزیر اعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں سیلاب سے کافی نقصان ہوا ہے اور سیلاب سے 65 ہزار سے زائد گھر گر گئے ہیں۔ سیلاب سے 9 لاکھ سے زائد ایکڑ زرعی زمین کو نقصان پہنچا۔
سیلاب سے سڑکوں اور پلوں کو بھی نقصان ہوا جبکہ 26 اگست کو کوئٹہ میں مکمل بلیک آوٹ ہو گیا تھا۔ بلوچستان میں ایمرجنسی اور ریلیف کے لیے 10 ارب روپے کی ضرورت ہے جبکہ لوگوں کو صاف پانی اور دیگر ضروری اشیا فراہم کر رہے ہیں۔ گیس کنکشن منقطع ہیں جس کے لیے ایس ایس جی سی سے بات کی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف دورہ قطر سے واپسی کے بعد مسلسل سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔