بلوچستان کے تین اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل جاری

بلوچستان کے تین اضلاع حب، لسبیلہ اور پشین میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، پولنگ پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
رپورٹس کے مطابق ضلع حب 1 میونسپل کارپوریشن اور 3 میونسپل کمیٹیوں دُریجی، وندر، گڈانی اور ضلع کونسل حب پر مشتمل ہے، ضلعے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 620 ہے، بلدیاتی انتخابات کے دوران ووٹنگ کے لیے حب میں 124 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ حب میں کُل 138 وارڈز میں سے 32 وارڈز میں امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں، 2وارڈ زپر امیدواروں کی وفات کے باعث انتخاب ملتوی ہوئے۔
ضلع لسبیلہ کےکُل146 وارڈز میں سے 27 پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ لسبیلہ میں آج ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے 119 وارڈز میں ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، آج ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران ووٹ ڈالنے کیلئے لسبیلہ میں 130 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
ضلع پشین کی میونسپل کمیٹی حرمزئی میں انتخابات کے لیے 13 پولنگ اسٹیشن اور 30 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ پشین کی تحصیل حرمزئی میں ووٹرز کی تعداد 10ہزار 890ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 6151 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 4739 ہے۔