بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بجلی تاحال معطل

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے سبب بجلی کی فراہمی تا حال معطل ہے تاہم ٹرانسمیشن لائن کی مرمت شروع کردی گئی ہے۔
کوئٹہ و گردونواح میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے سبب گرنے والے بجلی کے متعدد ٹاورز کی 3 روز بعد بھی مرمت نہ ہوسکی۔
کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ ٹاورز کی مرمت نہ ہونے سے 27 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی تاحال معطل ہے، ان میں مستونگ، نوشکی، چاغی، خاران، دالبندین کے علاقے شامل ہیں۔
کیسکو کی جانب سے بتایا گیا کہ لورلائی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، پشین، چمن کو یومیہ 2 گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے جبکہ کوئٹہ کو متبادل ذرائع سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔
کیسکو کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ کیسکو سسٹم پر بوجھ بڑھ گیا ہے، 700 میگاواٹ قلت کا سامنا ہے، اس وقت کیسکو کے سسٹم میں تقریباً 250 میگاواٹ تک بجلی دستیاب ہے، صورتحال کو معمول پر آنے میں کم از کم ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بی بی نانی پُل کے قریب این ٹی ڈی سی کے 220 کلو واٹ کے 10 ٹاور گرے، پیر غائب کے علاقے میں کیسکو کے 132 کلو واٹ کے 3 ٹاورز گرے تھے۔
ترجمان کیسکو نے مزید بتایا کہ 132 کلو واٹ سبی کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن کے ٹاورز کی مرمت ہنگامی بنیادوں پر شروع کردی گئی، کیسکو عملے کی جانب سے متاثرہ ٹاورز کی اکھاڑنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے، 3 سے 4 روز میں ٹاورز کی مرمت کرکے بجلی بحال کردی جائے گی۔