بلوچستان میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا، الرٹ جاری

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سےگرگیا جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج کم سےکم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں منفی 7 ، زیارت میں منفی 5، مستونگ میں منفی 3، پشین میں منفی 4 پنجگور میں 3 اور سبی میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے اکثر اضلاع میں موسم سرد اورجزوی ابرآلود رہنےکا امکان ہے، مغربی سسٹم آج شمالی بلوچستان میں داخل ہوگا جس کے باعث بلوچستان کے علاقے کوئٹہ، چمن، زیارت، ژوب اور گردو نواح میں ہلکی بارش اوربرفباری ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم نے شمالی بلوچستان کیلئے موسم پر الرٹ جاری کردیا ہے، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ میں برفباری پرالرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، کوژک ٹاپ، کان مہترزئی، زیارت، لکپاس پر ہائی وے برفیلے موسم سے شدید متاثر ہونے کے امکانات ہیں جس کے پیش نظر ڈپٹی کمشنرز کو ہائی ویز اور لنک روڈز پر محدود آمدورفت کیلئے اقدامات کی ہدایات بھی دی گئی ہے۔