سیہون میں کشتی اُلٹنے سے 4 افراد جاں بحق

سیہون میں مسافروں سے بھری ہوئی کشتی اُلٹنے کے واقعے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سیہون کے گاؤں بلال پور میں کشتی اُلٹنے سے جاں بحق ہونے والوں میں بچہ اور خواتین بھی شامل ہیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کشتی پر 20 سے زائد افراد سوار تھے۔
دوسری جانب خیرپور کے علاقے پیر جو گوٹھ میں 6 منزلہ عمارت گرنے سے متعدد افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے 5 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
ریسکیو ٹیموں نے واقعے میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے رینجرز کی مدد بھی حاصل ہے۔ 20افراد کومنہدم عمارت کے ملبے سے نکال کرطبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ عمارت میں 5خاندان مقیم تھے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال سے تباہ کاریاں جاری ہیں، جن میں دیہات کے دیہات صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں جب کہ بیشتر متاثرہ علاقے تاحال دریا کا منظر پیش کررہے ہیں۔