وزیراعظم کا سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو خصوصی مراعات کا پیکیج دینے کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں کے طالب علموں کےلئے خصوصی مراعات کا پیکج دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کے تعلیمی مستقبل کو بچانے کے لئے خصوصی مراعات کے بڑے پیکج کی تیاری کا حکم دے دیا ہے جس میں فیسوں کی معافی، انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلباء کے لئے خصوصی وظائف کا اجراء شامل ہوگا۔
اس پیکج پر عمل درآمد کے طریقہ کار کے لئے وزارت تعلیم اور ہائیر ایجوکیشن کمشن نے مل کر کام شروع کردیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں تعلیمی پیکج تیار کیا جارہا ہے جس کے تحت سیلاب متاثرہ تمام علاقوں کے طالب علموں کو مختلف مراعات دی جائیں گے۔ ان مراعات میں یونیورسٹی کی واجب الادا فیسوں کی وصولی مؤخر کرنا شامل ہے۔
علاوہ ازیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلباء کے لئے خصوصی اسکالرشپ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔
اس ضمن میں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں ہائیر ایجوکیشن کے چئیرمین کے علاوہ وزارت تعلیم کے اعلیٰ حکام، منسلکہ اداروں کے سربراہان، وائس چانسلرز نے شرکت کی.
اجلاس میں ملک بھر میں تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میںع وام کی فوری ضروریات میں اپنا حصہ ڈالنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
خوراک، خیموں، ادویات کی فراہمی، میڈیکل کیمپس کے قیام کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیاگیا۔ اجلاس میں متاثرہ علاقوں میں عارضی (ٹرانزیشنل) اسکول بھی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔