جماعت اسلامی کا حکومت سندھ کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم

جماعت اسلامی نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر حکومت سندھ کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کل وزیراعلی ہاؤس کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی الیکشن وقت پر کرائے جائیں اور وزیراعلی ہاؤس پر کل دھرنا دیا جائے گا، ہم نے شہرکیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں اور کراچی کیلئے سب سے زیادہ آواز جماعت اسلامی نے اٹھائی ہے، ہم نے کراچی کو تعمیر کیا ترقی دی جبکہ جماعت اسلامی تعمیر، ترقی اورخدمت کا نام ہے۔
شہر میں بگڑتے حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بوہری جماعت کے سربراہ نے بھی وزیراعلیٰ سندھ سے کراچی کے حالات درست کرنے کا کہا ہے۔ جماعت اسلامی نے ملک کے دفاع کے لیے لاشیں اٹھائی ہیں۔ آج بھی بنگلادیش میں جماعت اسلامی کے اراکین کو پھانسیاں دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ماضی میں بھی مل کر الیکشن ملتوی کروائے۔ شہر میں مزید لسانی بنیادوں پر سیاست کی کوئی گنجائش نہیں۔جماعت اسلامی نے اسپتالوں سمیت شہر کی بحالی پر کام کیا۔ اگر کچھ دھڑے ایک ہوتے ہیں تو ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔کورونا ہو یا سیلاب، جماعت اسلامی ہمیشہ ہر جگہ پیش پیش ہوتی ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ ہم خون بہائے بغیر ہی سیاست کرتے ہیں تو ان لوگوں کو پسند نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات پر شب خون نہ ماریں اور گورنر ہاؤس کو مزید سازشوں کا اڈا نہ بنائیں۔ ہم کل وزیرا علیٰ ہاؤس کے باہر بیٹھ کر فیصلہ کریں گے کہ کب تک دھرنا دینا ہے۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جب بھی ٹیسوری صاحب آئیں گے، ہم گرم جوشی سے ملیں گے۔