پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کےلیے تحریک انصاف نے نئی حکمت عملی تیارکرلی۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی کی سینئر لیڈر شپ نے عمران خان کو صوبائی اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کےحوالےسے بریفنگ دی، ذرائع کے مطابق عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ 11 جنوری سے قبل اعتماد کے ووٹ کو یقینی بنایا جائے، عمران خان نے کہا ہے کہ اگر اسمبلی کی تحلیل میں رکاوٹ ڈالی گئی تو پی ٹی آئی اراکین مستعفی ہوجائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ یا اسمبلی کی تحلیل میں تاخیر پر عمران نے نئی حکمت عملی بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسمبلی کی تحلیل میں تاخیر ہوئی تو ہمارے ارکان استعفے دے کر پنجاب اسمبلی سے باہر آجائیں گے۔
عمران خان نے ایک بار پھر ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی 11 جنوری سے پہلے وزیر اعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کا عمل یقینی بنائے۔پارٹی ارکان اسمبلی میں مزید نہیں رہنا چاہتے اور اگر اسمبلی کی تحلیل میں کوئی رکاوٹ پیدا کی گئی تو پھر ہمارے ایم پی ایز مستعفی ہوجائیں گے۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی سینئر لیڈرشپ نے عمران خان کو ارکان اسمبلی سے رابطوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی، جس میں انہیں بتایا گیا کہ مزید 2 آزاد ارکان اسمبلی سے حمایت کے لیے بات چیت چل رہی ہے۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ پارٹی اعتماد کے ووٹ کا عمل تیزی سے مکمل کرے۔






