کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات نئی ووٹر لسٹ پر کرانے کی ایم کیو ایم کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی اتنخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کراچی بلدیاتی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا، جس میں الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی کی درخواست منظور کرلی۔
الیکشن کمیشن نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی اتنخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہی ہوں گے، چیف سیکرٹری اور قانون نافذ کرنے والے ادارے الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔
خیال رہے کہ جمعہ 6 جنوری کو الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 22 نومبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے کراچی کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے کہا گیا تھا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری 2023 کو ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصلہ خود سنایا تھا۔