تخت لاہور کی جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل

لاہور ہائی کورٹ میں گورنر پنجاب کے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہیٰ کو عہدے سے ہٹانے کیخلاف درخواست پر سماعت آج بروز بدھ 11 جنوری کو ہو رہی ہے۔ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ دن گیارہ بجے چوہدری پرویز الہیٰ کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
بینچ میں جسٹس چوہدری محمد اقبال، جسٹس طارق سلیم شیخ ، جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس عاصم حفیظ بھی شامل ہیں۔
چوہدری پرویزالہیٰ نے گورنر پنجاب کے ڈی نوٹیفائی کرنے کے اقدام کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ عدالت نے گورنر پنجاب کے وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے اقدام پر عملدرآمد روک رکھا ہے۔
عدالت نے اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پاکستان کو معاونت کیلئے طلب کر رکھا ہے۔
آج ہونے والی سماعت میں چوہدری پرویزالہیٰ کی جانب سے بریسٹر علی ظفر پیش ہوں گے، جب کہ گورنر پنجاب کی جانب سے منصور اعوان ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء پیش ہوں گے۔
دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ گورنر پنجاب نے اعتماد کا ووٹ لینے کيلئے وزیر اعلیٰ کو خط لکھا ہی نہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا تھا تاہم اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔
اس کے بعد یہ معاملہ لاہور ہائیکورٹ پہنچا تھا جہاں اعلیٰ عدالت نے اسمبلی نہ توڑنے کی یقین دہانی پر بحال کیا تھا اور اب اس کیس پر سماعت آج کو ہوگی۔