آئی فونز میں حیرت انگیز ٹیکنالوجی کا اضافہ

ایپل کے نئے آئی فونز تو ستمبر میں کسی وقت متعارف کرائے جائیں گے اور ان کے بارے میں کافی تفصیلات بھی لیک ہوکر سامنے آچکی ہیں مگر آئی فون 15 سیریز کی ڈیوائسز کی لاک اسکرین اسمارٹ ہوم ڈسپلے کا کام بھی کرسکے گی۔
عالمی جریدے کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی او ایس 17 (آئی فونز کا نیا آپریٹنگ سسٹم) کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کیا جا رہا ہے جس سے آئی فون کی لاک اسکرین کو اسمارٹ ہوم ڈیوائس کی طرح کے ڈسپلے میں تبدیل کر دیا جائے گا۔
اس فیچر سے فون لاک ہونے پر بھی ڈسپلے پر موسم، کیلنڈر اپائنٹمنٹس اور نوٹیفکیشنز سمیت دیگر کو دیکھنا ممکن ہوگا۔
آئی فون 15 سیریز میں کیا کچھ نیا اور خاص ہوگا؟
لاک اسکرین پر ویجیٹس بھی نظر آئیں گے، یہ آپشن آئی او ایس 16 میں بھی موجود ہے مگر اب اسے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
یہ نئی ٹیکنالوجی اس وقت مددگار ثابت ہوگی جب آپ کا آئی فون کسی میز پر رکھا ہو اور آپ اسے ان لاک کیے بغیر نوٹیفکیشنز یا دیگر تفصیلات جاننے کے خواہشمند ہوں۔
اس طرح کا فیچر گوگل نے بھی پکسل فونز کا حصہ بنایا ہے مگر یہ اسی وقت کام کرتا ہے جب فون کو چارجنگ اسٹینڈ پر رکھا گیا ہو۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی فون کے ساتھ ساتھ ایپل کی جانب سے یہ نیا فیچر آئی پیڈ ٹیبلیٹس کے لیے بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ایپل کی جانب سے آئی او ایس17 کے اس فیچر سمیت دیگر تفصیلات جون میں ورلڈ وائیڈ ڈویلپر کانفرنس میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
اس کانفرنس کے دوران ایپل کی جانب سے پہلا مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ بھی متعارف ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ایپل کی جانب سے ہر سال ستمبر میں نئے آئی فونز کو متعارف کرایا جاتا ہے اور آئی فون 15 سیریز کو بھی ستمبر میں ہی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔