پاکستان میں پہلی بار ائیر ٹیکسی سروس کا آغاز 18 جون سے ہوگا جس کیلئے 2 جدید طیارے کراچی پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ایوی ایشن کمپنی اسکائی ونگز ایوی ایشن کے سی او او عمران اسلم خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار ائیر ٹیکسی سروس کے آغاز کیلئے معاملات حتمی مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں جس کیلئے کمپنی کی جانب سے جدید 2 طیارے کراچی پہنچ گئے ہیں۔ عمران اسلم کے مطابق ائیر ٹیکسی سروس سے استفادے کے لیے آن لائن ایپلیکیشن بھی چند روز میں دستیاب ہو جائے گی اور اس سروس کے ذریعے ملک بھر کے دور افتادہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر آمدورفت ممکن ہوسکے گی۔ سی ای او اسکائی ونگز ایوی ایشن عاصم نواز نے میڈیا کو بتایا کہ ائیر ٹیکسی طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف ائیر اسٹرپس پر بھی ممکن ہوگی جب کہ ائیر ٹیکسی سروس کا 18 جون کو باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔ عاصم نواز کے مطابق آن لائن ائیر ٹیکسی میں آدھی قیمت پر سروس مہیا کی جائے گی، بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے بھی بزنس میں شمولیت کے لیے رابطے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ائیر ٹیکسی سروس کو پاکستان کے 9 ائیرپورٹ کے علاوہ پرائیویٹ ائیرپورٹس اور رحیم یار خان اور بلوچستان کے لیے آپریٹ کیا جائے گا، کچھ عرصے تک سروس کا دائرہ ملک بھر میں پھیلایا جائے گا، آن لائن ٹیکسی سروس کے ذریعے سکیورٹی مسائل سے دوچار بزنس مین اور دیگر افراد بلوچستان سمیت مختلف علاقوں میں سفر کرسکیں گے۔






