انسٹاگرام نے صارفین کی بڑی پریشانی کو ختم کرتے ہوئے پلیٹ فارم کی ویڈیوز اور خصوصی طور پر ریلز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کا فیچر پیش کردیا۔ انسٹاگرام پر اگرچہ پہلے سے ہی ڈاؤن لوڈنگ کا آپشن موجود تھا لیکن پہلے ہر صارف اپنی ویڈیو کو ہی ڈاؤن لوڈ کر سکتا تھا۔ اسی طرح باقی صارفین دوسروں کی ویڈیوز اور ریلز کی لنک کاپی کرکے اسے ڈاؤن لوڈنگ سافٹ ویئرز سے ڈاؤن لوڈ کرپاتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ اب صارفین کسی بھی ریلز کو دیکھنے کے بعد اسے مرضی کے مطابق آسانی سے ڈاؤن لوڈ بھی کر سکیں گے، یعنی انہیں کسی دوسرے سافٹ ویئر کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انسٹاگرام نے ڈاؤن لوڈ کے فیچر کو پیش کرتے ہوئے اسے ریلز کے نیچے اس جگہ دے دیا ہے، جہاں سے ریلز کو شیئر یا محفوظ کرنے کا آپشن ہوتا ہے۔ مذکورہ فیچر کے تحت جلد ہی صارفین کو شیئرز اور لنک کاپی کے ساتھ ڈاؤن لوڈنگ کا آپشن بھی نظر آنے لگے گا، جسے کلک کرتے ہی صارفین کی ریلز وہیں ڈاؤن لوڈ ہوجائیں گی۔






