ورلڈکپ: پاک بھارت میچ کی تاریخ تبدیل ہونے کا امکان، وجہ کیا ہے؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ 2023 میں پاکستان اور بھارت میچ کی تاریخ تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نوراتری کے تہوار کی وجہ سے 15 اکتوبر کا میچ ری شیڈول ہوسکتا ہے کیونکہ احمد آباد میں روایتی انداز میں ہندو برادری اپنی رسومات ادا کرتی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق بھارتی سیکیورٹی اداروں نے بھی احمد آباد کے میچ کی تاریخ بدلنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے مذہبی تہوار کی وجہ سے ہائی پروفائل میچ کی سیکیورٹی مشکل قرار دی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کے مشورے کے بعد اب ہم مختلف آپشنز پر غور کر رہے ہیں جبکہ اسی معاملے پر ایک بھارتی صحافی نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ اتوار کے بجائے 14 اکتوبر کو ہو سکتا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق میچ ایک روز پہلے کرنے کی صورت میں پاکستان کو لاجسٹک مسائل ہوسکتے ہیں کیونکہ پاکستان ٹیم کو 12 اکتوبر کو بھی حیدرآباد میں میچ کھیلنا ہے۔ واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے۔