محکمہ موسمیات کی گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد سمیت کشمیر، خطہ پوٹھوہار، پنجاب، خیبر پختونخوا، مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی زیریں سندھ میں تیز ہواؤٔں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم بالائی خیبرپختونخو اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر تیز ہواؤٔں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بارش کاکول میں 17 ، لاہور (ایئرپورٹ) 5، قصور 3 اور سیالکوٹ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بدھ کو ریکارڈ کیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق نوکنڈی میں درجہ حرارت 48، دالبندین 46 اور سبی میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری انتباہ کے مطابق بدھ کی رات سے 17 اگست کے دوران طوفانی بارشوں کے باعث نوشہرہ، صوابی، مردان،چارسدہ، پشاور، بونیر، سیدو شریف، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات، شانگلہ، بالاکوٹ، اسلام آباد، راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، مری، گلیات اور کشمیر کے مقامی، برساتی ندی نالوں اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ اسی طرح شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، نوشہرہ، مردان، چارسدہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں ، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔