وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ ایران، اسرائیل جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے خطے میں امن کے قیام کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلی فون میں رابطہ ہوا ہے۔ جس میں خطے کی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر گفتگو ہوئی۔ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان کوششوں کو سراہتے ہوئے سیکرٹری روبیو نے کہا کہ امریکہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ وزیراعظم اور سیکرٹری روبیو نے پاکستان امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خاص طور پر تجارت بڑھانےکے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نے پاک بھارت جنگ بندی میں امریکہ کے کلیدی کردار پر سیکرٹری روبیو کا شکریہ بھی ادا کیا۔






