بھارت کیخلاف جنگ میں پاکستان کو 3 محاذوں پر فتح ملی، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کے خلاف 5 روزہ جنگ میں پاکستان کو سرحدوں کے محاذ پر ہی نہیں بلکہ 3 مختلف محاذوں پر جیت ملی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فتح کو 3 حصوں میں تقسیم کرتا ہوں، پاکستان نے سفارتی محاذ پر شاندار کامیابیاں حاصل کیں، پاکستان نے بیانیہ کی جنگ جیتی اور پاکستان نے محاذ جنگ پر بھی بھارت کو شکست سے دو چار کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ بھارت ایک بڑا ملک ہے، اس کے وسائل ہم سے 7 گنا زیادہ ہیں اور اُس کے سپر پاورز کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں لیکن پاکستان نے صرف اپنے دفاع میں ہی اتنی بڑی طاقت کو شکست دے کر اُس کے 6 جہاز گرا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونی صورتحال کے دوران سفارتی سطح پر پاکستانی سفیروں اور دفتر خارجہ کے نمائندوں نے تاریخی کردارادا کیا، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدات پر ہم نے پاکستان کا مؤقف دنیا بھر تک پہچانے میں محنت اور کوشش کی اور پھر دنیا نے ہمارے مؤقف کو تسلیم بھی کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ بھی ایک اور بڑا محاذ تھا اور وہ تھا بیانیے کا محاذ، ہم فخر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کو اس میں جیت نصیب ہوئی۔ بلاول بھٹو زرادری نے پاک-بھارت جنگ کے دوران قومی میڈیا کی کوریج کو بھی سراہا، انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ کے دوران پاکستانی میڈیا کا کردار شاندار تھا، پاکستانی میڈیا کی ساکھ کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا جب کہ دنیا نے دیکھا کہ بھارت کا میڈیا کیا جھوٹ دیکھا رہا تھا اور پاکستانی میڈیا کیا بتا رہا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جب بھارت نے پہلگام واقعے پر پاکستان پر جھوٹا الزام لگایا تو پاکستان نے اپنے ماضی سے انکار نہیں کیا، تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طور پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اس واقعے کی آزاد اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا لیکن بھارت اس سے بھی پیچھے ہٹ گیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ بھارت جنگی محاذ کے ساتھ ساتھ سفارتی سطح پر بھی مسلسل جھوٹ بولر کر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کئی ممالک کو جھوٹ بول کر بتایا کہ پاکستان نے ہم پر حملہ کر دیا ہے جس کے جواب میں ہم نے کہا کہ پاکستان نے تو ابھی صرف اپنا دفاع میں ہہی 6 جہاز گرائے ہیں، جواب دینا تو ابھی باقی ہے۔