پاکستانی مندوب عاصم افتخار کا سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کے بعد پہلا خطاب

پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ، عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی۔ اپنے پہلے رسمی خطاب میں انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی صدارت پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کا ایک ذمہ دار اور سرگرم رکن ہے، جو عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ عاصم افتخار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت تنازعات کے پرامن حل اور سفارتی کوششوں کا حامی رہا ہے۔ پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ اسلام آباد اپنی صدارت کے دوران سلامتی کونسل میں شفافیت، کمیٹیوں کے درمیان ہم آہنگی اور مؤثر مکالمے کو فروغ دینے پر توجہ دے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران فلسطین کے مسئلے کو بھی نمایاں طور پر اجاگر کرے گا۔ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان، چین اور روس کی طرف سے سیز فائر سے متعلق قرارداد پر اتفاق تھا اور غزہ کی بگڑتی ہوئی صورت حال کو پرامن بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان او آئی سی اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک خصوصی اجلاس کی بھی صدارت کرے گا۔ یو این سیکیورٹی کونسل کی صدارت پر چینی سفارتخانے نے پاکستان کو مبارکباد دی۔