پی ٹی آئی اسیر رہنماؤں کا حکومت کو خط، مذاکرات کا مشورہ

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جیل میں قید چار سینئر رہنماؤں نے ملک کو درپیش سیاسی بحران سے نکلنے کا واحد حل “سیاسی مذاکرات” کو قرار دیا ہے اور فوری طور پر سیاسی و ادارہ جاتی سطح پر مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مؤقف پارٹی کے بانی عمران خان کے اس بیانیے سے مختلف ہے، جس میں وہ صرف اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کرتے رہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ کی جانب سے دستخط شدہ خط میں زور دیا گیا ہے کہ ملک کو آگے بڑھانے کے لیے وسیع تر سیاسی و ادارہ جاتی مکالمہ ناگزیر ہے اور اسے فوری طور پر شروع کیا جانا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق یہ خط پارٹی کے ان رہنماؤں کی مشاورت سے جاری کیا گیا ہے جو وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو سنجیدگی سے لینے کے حق میں تھے، تاہم عمران خان نے اس تجویز سے اختلاف کیا تھا۔