جتنا زور لگانا ہے لگالیں، ہماری حکومت گرادی تو سیاست چھوڑ دوں گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف میں دراڑپیدا کرنا مخالفین کی بھول ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر بولے، کے پی حکومت کی ہر حال میں حفاظت کریں گے، سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم سیاسی جنگ… اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد مرکزی رہنماؤں بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، شیخ وقاص اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اجلاس میں اتحاد اور اتفاق کا پیغام دیا گیا ہے۔ اگرکوئی یہ سمجھتا ہےکہ پی ٹی آئی میں دراڑ پیدا کرسکتا ہے تو یہ اس کی بھول ہے، سازش کے بغیرہماری حکومت گرائی نہیں جاسکتی اور چیلنج کرتا ہوں اگر آپ نے ہماری حکومت گرادی توسیاست چھوڑ دوں گا۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا بدنما داغ ہے، ہر فورم پر جمہوریت کی بحالی کے لیے لڑیں گے۔ پیکا ایکٹ سمیت جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ قوم کو غلام بنانے کی سازش ہورہی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا جو لوگ تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان کے پاس مطلوبہ تعداد ہی نہیں، ہم سب بانی پی ٹی آئی کی قیادت میں متحد ہیں۔ بانی نے ہمیشہ کہا مذاکرات ہونے چاہئے، بانی پی ٹی آئی جس بھی تحریک کا اعلان کریں گے ہم اس پر عمل کریں گے۔ سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ، پاکستان تحریک انصاف کی جدوجہد عوام کی جدوجہد ہے، آٹھ دہائیوں سے پاکستان کو لوٹا جا رہا ہے۔ پاکستان کے عوام اس قابل نہیں کہ ان کی آواز کو سنا جائے، ہمیں کہا گیا کہ جو ہوگیا سو ہوگیا مٹی ڈالو آگے بڑھ جاؤ مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے، کوئی یہ نہ سوچے کہ ہماری سیٹیں چھین لینے سے عوام پیچھے ہٹ جائیں گے۔ اس موقع پر شیخ وقاص اکرم نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں یہ قرارداد منظور کی گئی ہے کہ پارٹی بانی اور دیگر اسیر رہنماؤں کی رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔






