مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے واضح کیا ہے کہ حکومت ایسی کوئی حکمتِ عملی اختیار نہیں کرے گی جس سے خیبرپختونخوا میں سیاسی بحران پیدا ہو۔ ایک بیان میں عرفان صدیقی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف عدم اعتماد سے متعلق کوئی تجویز کسی بھی اعلیٰ سطح پر زیر غور نہیں ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ گورنر خیبرپختونخوا کی وزیراعظم شہباز شریف سے حالیہ ملاقات کو سازش قرار دینا درست تاثر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد ایک آئینی اور قانونی طریقہ کار ہے، اور پی ٹی آئی کے بانی خود بھی اس عمل کا سامنا کر چکے ہیں۔ تاہم، حکومت فی الحال کوئی ایسا قدم اٹھانے کا ارادہ نہیں رکھتی جو صوبے میں عدم استحکام کا باعث بنے۔ عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ احتجاج پی ٹی آئی سمیت ہر سیاسی جماعت کا آئینی وجمہوری حق ہے تاہم احتجاج کی آڑ میں انتشار پھیلانے پر حکومت کارروائی کرے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے سے متعلق خبریں گردش کررہی ہیں تاہم اس حوالے سے ابھی تک کچھ واضح نہیں ہے۔






