ایف بی آر کی تمام اصلاحات کی شفافیت کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنانے کی ہدایت کر دی وزیر اعظم نے کہا حکومت کی اولین ترجیحات میں ٹیکس بیس میں اضافہ کرنا ہے اور غریب آدمی پر ٹیکس کے بوجھ کو مزید کم کر کے ریلیف دینا ہے۔ ٹیکس گوشواروں کی آسانی کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم چلائی جائے گی، ٹیکس نظام کی اصلاحات کے مثبت ثمرات حکومتی معاشی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن اور اصلاحات پر اہم اجلاس ہوا۔ جس میں شرکا کو ڈیجیٹل انوائسنگ، اے آئی نظام، سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے قیام اور کارگو ٹریکنگ سسٹم پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول یونٹ کے قیام سے مرکزی ڈیٹا میسر ہوگا اورفیصلہ سازی میں بھی آسانی ہوگی۔ وزیر اعظم نے خطاب میں ایف بی آر اصلاحات کوسراہا ، کہا ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اے آئی ٹیکس اسیسمنٹ کے نظام کا اطلاق بڑی کامیابی ہے۔ ٹیکس گوشوارے کا آسان اور اردو میں ہونا خوش آئند امر ہے، ڈیٹابیس سے منسلک کرکے گوشواروں کو آسان ترین بنا دیا گیا ہے۔ نئے آسان ٹیکس گوشواروں سے تنخواہ دار طبقہ سب سے ذیادہ مستفید ہوگا۔ اجلاس میں ایف بی آر حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ تاجروں کو پیشگی گڈز ڈیکلریشن بھرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے تحت اپ-فرنٹ ڈیوٹیز اور ٹیکسز پر مکمل چھوٹ دی جائے گی۔ ایڈوانس گڈز ڈیکلریشن والے کنٹینروں کو بحری جہاز سے سیدھا فیکٹری پہنچنے کی سہولت میسر ہوگی۔ اجلاس میں حکام کی جانب سے ڈیجیٹل انوائسنگ پر آگاہ کیا گیا ، ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سیلز ٹیکس نظام کی کارکردگی کو جانچنا مزید سہل ہوگا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ ڈیجیٹل انوائسنگ کی سہولت کا اردو میں بھی جلد اجراء کیا جائے۔

