سانحہ نو مئی سیاسی احتجاج کی آڑ میں شرپسندی، ریاستی اداروں، ملٹری تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں کی توڑ پھوڑ۔ فیصل آباد کی انسداد، دہشتگردی عدالت نے مجرموں کو سزائیں دے دیں، سزا پانے والے پی ٹی آئی رہنماؤں میں عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل سمیت ایک سو چھیانوے رہنما ءاور کارکن شامل ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا کو بھی قید کی سزا سنائی گئی ہے، فواد چودھری، زین قریشی اور خیال کاسترو کو بری کر دیا گیا۔ فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے 3 مقدمات میں فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنما وں ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمرایوب، پارلیمانی لیڈر زرتاج گل اور سینیٹ میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر شبلی فراز کو دس دس سال قید کی سزا اور علی افضل ساہی کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا کو 10سال قید کی سزا سنائی ہے، جبکہ سابق وفاقی وزیر فواد چودھری اور رکن قومی اسمبلی زین قریشی اور خیال کاسترو کو بری کردیا۔ فیصلے کے وقت عدالت کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے حساس ادارے کے دفتر پر حملہ کے الزام میں تھانہ سول لائن میں درج مقدمہ میں 185 ملزمان میں سے 108 ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزائیں سنائیں اور 77 ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔ تھانہ غلام محمد آباد کے مقدمے میں 66 ملزمان میں سے 60 ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی جبکہ 6 ملزمان کو بری کیا۔ عدالت نے پولیس وین نذرآتش کرنے کے کیس کا بھی فیصلہ سنا دیا، 32 میں سے 28 ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ 4 ملزمان کو بری کردیا گیا۔ سزا پانے والوں نے 9مئی 2023ء کو منظم انداز میں ملک بھر میں ریاستی اداروں پر حملے کئے تھے، سپریم کورٹ نے ماتحت عدالتوں کو کیسز کے فوری فیصلوں کے احکامات بھی دیئے تھے۔

