نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی برطانوی ہم منصب سمیت دیگر حکام سے اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں جن میں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور برطانوی نائب وزیراعظم انجیلارینر کی ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ شراکت داری کا جائزہ لیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے برطانوی پاکستانیوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے جامع شراکت داری کی خواہش پر زور دیا۔ برطانوی نائب وزیراعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ اسحاق ڈار نے دولت مشترکہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کی اور انہیں تقرری پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان کی گہری وابستگی، پائیدار ترقی کے عزم اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات پر روشنی ڈالی اور سیکرٹری جنرل کو اسلام آباد کے دورے کی دعوت بھی دی۔ اسحاق ڈار مسلم لیگ ن برطانیہ کے وفد سے بھی ملے اور سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے ان کو بہتری کے حکومتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ وفد نے معرکہ حق کی کامیابی اور مؤثر سفارتی کوششوں پر نائب وزیراعظم کو مبارکباد دی۔

