وزیراعظم شہباز شریف نے مون سون بارشوں اور ملک کے مختلف حصوں میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے پیش نظر سیاسی اتفاقِ رائے اور مشترکہ حکمت عملی کے لیے اہم سیاسی قائدین سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جن میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور امیر جماعت اسلامی شامل ہیں،… وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ اور بارش اور سیلاب کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیےحکومت سندھ کو ہرقسم کی معاونت کی پیشکش کی۔ وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کوسندھ حکومت سےمکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا۔ کہ پی ڈی ایم اے کو ہر قسم کی معاونت اور لوگوں کو ممکنہ خطرات کی پیشگی آگاہی فراہم کی جائے۔ وزیراعظم اور خالدمقبول صدیقی کے درمیان سندھ میں بارشوں اور سیلابی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا میں نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بارشوں اور سیلاب میں الخدمت فاؤنڈیشن کی ریسکیو اور امداری کارروائیوں کی تعریف کی۔

