سیلابی تباہ کاریوں کے باوجود قوم مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، صدر زرداری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں حالیہ سیلاب اور موسمی بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے نقصان اور تباہ کاریوں پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی حفاظت، بنیادی سہولیات کی بحالی اور فوری امدادی کارروائیوں کی ضرورت پر زور دیا۔… ایک بیان میں صدر مملکت نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتےہوئے کہا کہ کسانوں کی فصلوں اور مویشیوں کے بڑے پیمانے پر نقصان پر افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ممکنہ بڑے سیلابی ریلے کےلیے فوری تیاری کرے، یقین ہے پاکستانی قوم مشکلات کا مقابلہ حوصلے اور عزم کے ساتھ کرے گی۔ صدر زرداری مزید کہنا تھا کہ 2010 اور 2022 کے سیلابوں کی طرح اس بار بھی قوم سرخرو ہو گی، آزمائش کی گھڑی میں افواجِ پاکستان نے عوام کی خدمت کی شاندار مثال قائم کی۔