وزیراعظم نے آبی ذخائر کی تعمیر کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کا کام شروع کر دیا ہے اور اس مقصد کے لیے جلد اہم اجلاس بلایا جائے گا۔ وزیراعظم آفس کے جاری اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر پالیسی بنانے پر کام جاری ہے، جس کا ورکنگ… اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ہنگامی صورتحال کے بعد وزیراعظم اعلیٰ سطحی اجلاس بلائیں گے جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ اداروں کے سربراہان شریک ہوں گے، جبکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ کو بھی مدعو کیا جائے گا۔ وزیراعظم چاروں صوبوں، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ مشاورت کے ذریعے آبی ذخائر کی تعمیر کی جامع حکمت عملی تیار کر رہے ہیں، جس میں مکمل ہم آہنگی اور مشاورت کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا ہےکہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے اور مؤثر تیاری سےہی قدرتی آفات کےنقصانات سےبچ سکتے ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں، آزادکشمیر، جی بی اور وفاق کو مل کر موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کام کرنا ہے، سب کو مل کر لوگوں کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچانا ہے، یہ ایک قومی مسئلہ ہے جس پر سب کو مل کر کام کرنا ہے۔

