وزیراعظم شہباز شریف آج سے 4 ستمبر تک چین کے دورے پر روانہ ہو گئے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سے متوقع ہے، جس میں پاک چین دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم صدر شی جن پنگ اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ بیجنگ میں ہونے والی فوجی پریڈ میں بھی شریک ہوں گے، جو عالمی اینٹی فاشسٹ جنگ کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی جائے گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم ممتاز چینی تاجروں اور کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقات کریں گے، جس میں تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔ وزیراعظم بیجنگ میں پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ یہ دورہ قیادت سطح پر تبادلوں کا حصہ ہے اور پاکستان و چین تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے لیے پُرعزم اقدامات کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے بنیادی مفادات پر حمایت جاری رکھیں گے، دورے میں سی پیک فیز ٹو پر پیشرفت اور اہم علاقائی و عالمی امور پر بات ہوگی۔






