اسلام آباد، راولپنڈی اور مری سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

اسلام آباد، لاہور اور ملک کے دیگر مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ خیبر پختونخوا کے پشاور، مردان اور دیگر اضلاع میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے، جبکہ مری میں بھی لرزش محسوس ہوئی۔ چکوال، ٹیکسلا اور واہ کینٹ کے رہائشیوں نے بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی، گہرائی 15 کلو میٹر تھی اور مرکز جنوب مشرقی افغانستان میں واقع تھا۔ مرکز کے مطابق 12 بج کر 38 منٹ پر ہنگو، مالاکنڈ، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، چترال اور پشاور میں 4.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے باعث فی الحال کسی قسم کے جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔