ہلالِ احمر پاکستان نے سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی ہیومینٹیرین اپیل کا آغاز کر دیا

ہلالِ احمر پاکستان نے اپنے اسٹیک ہولڈرز اور موومنٹ پارٹنرز کے اشتراک سے سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی ہیومینٹیرین اپیل کا آغاز کر دیا ہے۔ نیشنل ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے کہا کہ پاکستان شدید مون سون کے اثرات سے متاثر ہوا ہے اور اس بار بھی بارشوں نے ایسے انسانی بحران کو جنم دیا ہے… انہوں نے بتایا کہ تمام متاثرہ علاقوں میں ہلالِ احمر کی ٹیمیں فعال ہیں اور متاثرین کو پکا کھانا، عارضی پناہ گاہیں، خشک راشن، طبی سہولیات اور دیگر ضروری امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔ موبائل ہیلتھ ٹیمیں بھی سرگرم ہیں اور جدید پانی کے پلانٹس روزانہ صاف پانی مہیا کر رہے ہیں۔ چیئرپرسن نے کہا کہ اس کام کو جاری رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ تعاون کی ضرورت ہے اور انہوں نے موومنٹ پارٹنرز، اسٹیک ہولڈرز اور بین الاقوامی تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔ سیکریٹری جنرل ہلالِ احمر پاکستان محمد عبیداللہ خان نے افتتاحی کلمات میں بتایا کہ ہلالِ احمر اپنی استطاعت کے مطابق متاثرین کی خدمت کر رہا ہے اور اس سفر کو مزید وسعت دینے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔ اس موقع پر سیلاب متاثرہ علاقوں پر مبنی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ تقریب سے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس اینڈ ریڈکریسنٹ کے پاکستان ہیڈ آف ڈیلیگیشن فرید عبدالقادر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں امریکی سفارتخانہ کی مندوب، مختلف ممالک کے سفیر، ترکش ریڈکریسنٹ کی سربراہ بیضا، جرمن ریڈکراس کے آصف امان، نارویجن ریڈکراس کے افتخار علیار، سول سوسائٹی کے نمائندے اور ہلالِ احمر کے رضاکار و اسٹاف بھی موجود تھے۔