شہباز شریف سے بل گیٹس کی ملاقات، ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے، حفاظتی ٹیکہ جات اور غذائیت میں بہتری، نیز مالی شمولیت کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی قیمتی معاونت کو سراہا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں حالیہ 2025 کے سیلاب کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے فراخ دلانہ عطیے پر اظہارِ تشکر کیا، اور 2022 کے سیلاب کے دوران فاؤنڈیشن کی نمایاں امدادی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے، حفاظتی ٹیکہ جات اور غذائیت میں بہتری، نیز مالی شمولیت کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی قیمتی معاونت کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ پولیو کے خاتمے کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رکھا گیا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ معاشی اصلاحات، کیش لیس ڈیجیٹائزیشن اور معیشت کی بحالی کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے شہباز شریف نے گیٹس فاؤنڈیشن کے عملی، مثبت اور قیمتی تعاون کا خاص طور پر اعتراف کیا۔ وزیراعظم اور بل گیٹس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحت، غذائیت، ڈیجیٹل تبدیلی اور ملک کی وسیع تر سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔