افغانستان کی بدلتی صورتحال پر غور کے لیے پاکستان، ایران، روس اور چین آج ایک اہم مشاورتی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق یہ غیر معمولی اجلاس روس میں منعقد ہو گا، جس میں چاروں ممالک کے اعلیٰ نمائندے افغانستان کے سیاسی، سیکیورٹی اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نمائندۂ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان کریں گے۔ اجلاس کے دوران افغانستان میں امن و سلامتی، انسداد دہشت گردی اور علاقائی تعاون کے فروغ پر جامع بات چیت ہوگی۔ اجلاس میں شریک ممالک کی جانب سے افغانستان میں کسی غیر ملکی فوجی اڈے کے قیام کی مخالفت کے مؤقف کو ایک بار پھر دہرایا جائے گا، جبکہ 1988 کی پابندیوں کے نظام کو موجودہ زمینی حقائق کے مطابق ازسرِ نو دیکھنے پر بھی زور دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چاروں ممالک طالبان رہنماؤں کے سفری استثنیٰ کے حوالے سے دوہرے معیار پر بھی گفتگو کریں گے۔ پاکستان کی جانب سے افغان عوام کے لیے ہنگامی انسانی امداد بڑھانے پر بین الاقوامی برادری کو متوجہ کرنے کا امکان ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پاکستان اجلاس میں افغان سرزمین پر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے کا معاملہ بھی بھرپور انداز میں اٹھائے گا، جبکہ کالعدم بی ایل اے، ٹی ٹی پی اور جیش العدل جیسے گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی پر زور دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں دہشت گردوں کی بھرتی، اسلحہ فراہمی اور فنڈنگ کے نیٹ ورکس کے خاتمے پر بھی اتفاق رائے متوقع ہے، جب کہ چاروں ممالک انسداد منشیات، اسمگلنگ کی روک تھام اور علاقائی ترقیاتی منصوبوں کے فروغ پر بھی بات کریں گے۔ چاروں ملک انسانی حقوق بالخصوص خواتین، بچوں کے حقوق کی بحالی اور لڑکیوں کی تعلیم و روزگار پر زور دیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں پاکستان، روس، چین اور ایران افغانستان میں جامع اور وسیع البنیاد حکومت کے قیام پر بھی زور دیں گے، پاکستان افغان مہاجرین کی جلد از جلد و باعزت واپسی پر بھی زور دے گا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں چاروں ممالک افغانستان کے منجمد بین الاقوامی اثاثہ جات کی بحالی پر بھی زور دیں گے، افغان حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات میں مزید بہتری پر بھی بات چیت کی جائےگی۔

