صدرِ مملکت اور وزیراعظم کا دہشتگردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ اور بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدر آصف زرداری نے فتنۂ خوارج کے 23 دہشت گردوں کے خاتمے کو سکیورٹی فورسز کی موثر حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ قابلیت کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں خوارج کے سرغنہ سمیت متعدد دہشت گردوں کا مارا جانا امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر غیرملکی پشت پناہی یافتہ دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں فورسز مسلسل نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جدوجہد میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ باجوڑ میں سرغنہ سمیت متعدد دہشت گردوں کا مارا جانا امن دشمنوں کے لیے دو ٹوک پیغام ہے، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیاں ملک میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ریاستی عزم کو واضح کرتی ہیں ۔