پاک بھارت میچ بائیکاٹ، مچل مارش نے بھی خاموشی توڑ دی

آسٹریلوی ٹی20 قائد مچل مارش نے پاکستان کی جانب سے بھارت کیخلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ کے بائیکاٹ پر خاموشی توڑ دی۔ حکومت پاکستان نے ٹی20 ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان ٹی 20ورلڈ کپ میں شرکت تو ضرور کرے گا، مگر پاکستان ٹیم بھارت کےخلاف میچ نہیں کھیلے گی، اس فیصلے کے سامنے آنے کے بعد بھارت سمیت پوری دنیا میں ہل چل مچ گئی ہے۔ یہ اہم ترین اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب آسٹریلوی قائد پاکستان سے سیریز وائٹ واش ہونے کے بعد پریس کانفرنس کررہے تھے جس میں ان سے اس فیصلے سے متعلق سوال کیا گیا۔ آسٹریلوی ٹی ٹونٹی کپتان مچل مارش نے کہا کہ پاکستان کے بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ پر میرے پاس کچھ کہنے کو نہیں ہے۔ کینگرو قائد نے کہا کہ اس وقت ہم ورلڈکپ کھیلنے جارہے ہیں اور ہمارا فوکس اسی پر ہے، ہمیں معلوم ہے کہ ہم اس طرح کی کنڈیشنز کیلئے اچھی ٹیم ہیں، ہم بیٹھ کر سوچیں گے کہ کہاں اور کیا غلطیاں ہوئیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم یہاں اس سیریز کو جیتنے کے مقصد سے آئے تھے، پاکستان کےخلاف سیریز پر کافی مایوسی ہوئی، پاکستان کی ٹیم کو سارا کریڈٹ جاتا ہے انھوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ مچل مارش نے کہا کہ سیریز کے نتائج پر کافی مایوسی ہوئی، اس سیریز میں ہمیں کافی کچھ سیکھنے کو ملا ہے، بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں پاکستان نے ہمیں آؤٹ کلاس کیا، ایسی صورتحال میں خصوصاً ہدف کے تعاقب میں پارٹنرشپس کی ضرورت ہوتی ہے۔