اسرائیلی آبادکاروں کے فلسطینیوں پر حملے، پاکستان کو تشدد روکنے کا مطالبہ

پاکستان نے اقوامِ متحدہ میں اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر کیے جانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں تشدد کا سلسلہ فوری طور پر روکا جائے۔ اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے ایک پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کا دوٹوک مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا… انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ علاقوں کی جغرافیائی یا آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کی کوئی بھی کوشش ناقابلِ قبول ہے۔ پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ ساتھ برطانیہ، فرانس، بحرین، ڈنمارک، یونان، لٹویا اور صومالیہ نے بھی اسرائیلی اقدامات کی مخالفت کی ہے۔ عاصم افتخار کا مزید کہنا تھا کہ ایسے یکطرفہ اقدامات خطے میں دیرپا امن کے حصول کے امکانات کو شدید خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کو بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرنے اور فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم روکنے پر مجبور کرے۔