پی ایس ایل کےگیارہویں ایڈیشن کے چوتھے دن کے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حیدر آباد کنگزمین کو 40 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگزمین کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز سعود شکیل اور شامل حسین نے کیا لیکن سعود شکیل صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جبکہ رائلی روسو بھی اپنا کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے لیکن پھر تیسری وکٹ کے لیے شامل حسین اور حسن نواز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگےبڑھایا۔ شامل حسین نے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری ففٹی مکمل کی اور وہ 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ حسن نواز نے بھی 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ مقررہ 20 اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 8 وکٹ پر 174رنز بناسکی۔ 175 رنز کے ہدف کے جواب میں حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم 8 وکٹ پر 134 رنز ہی بناسکی۔ حیدرآبادکنگز مین کی جانب سے عرفان خان 33 اور حسان خان 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمد نے 3 اور احمد دانیال نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ خیال رہےکہ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا دوسرا میچ کھیل رہی تھیں، پہلے میچ میں دونوں ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کراچی کنگز جبکہ حیدر آباد کنگز مین کو لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔






