پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ایک ہائی وولٹیج مقابلے میں کراچی کنگز نے روایتی حریف لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے ہرا کر میلہ لوٹ لیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم کراچی کے بولرز نے قلندرز کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 128 رنز بنا سکی۔ لاہور کی جانب سے عبداللہ شفیق 33 اور حسیب اللہ 28 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کراچی کنگز کے معین علی، میر حمزہ اور ایڈم زمپا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کراچی کنگز نے 129 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹیں گنوا کر حاصل کر لیا۔ محمد وسیم 38 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ سعد بیگ اور معین علی نے 18،18 رنز کا حصہ ڈالا۔ لاہور کے کپتان شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کو آخری لمحے تک دلچسپ بنائے رکھا۔ میچ کے دوران ایک انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جب فیلڈ امپائرز نے گیند کی حالت (Condition) سے مطمئن نہ ہونے پر لاہور قلندرز کو 5 رنز کی پنالٹی لگا دی۔ یہ رنز کراچی کنگز کے اسکور میں شامل کیے گئے، جس نے میچ کے نتیجے پر گہرا اثر ڈالا۔






