اسلام آباد یونائیٹڈ کے مارک چیپمین کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں 2 نئی ٹیمیں آنے سے مقابلہ پہلے سے زیادہ بڑھ گیا ہے۔ لاہور میں ٹریننگ سیشن کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے مارک چیپمین نے کہا کہ میں اس کا منتظر رہا ہوں کہ یہاں آؤں اور پی ایس ایل کھیلوں اور اب دوبارہ کھیلنے پر بہت خوش ہوں۔ مارک چیپمین نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں مقامی ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے، نوجوان فاسٹ بولرز 140 سے زائد کی سپیڈ سے بولنگ کراتے ہیں جو کہ لیگ کی اسٹرینتھ ہے۔ مارک چیپمین کا ماننا ہے کہ جب آپ فرنچائز تبدیل کرتے ہیں تو آپ کو ہر طرح سے مختلف ماحول ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گزشتہ برس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ بہت اچھا وقت گزارا تھا، ہم نے فائنل کھیلا تھا۔ امید ہے کہ اس مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ بھی اچھا وقت رہے گا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ میں نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے بھی ہیں، شاداب خان کپتان ہیں ان سب کے ساتھ اچھا وقت گزرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ابھی 2 سال ہیں اس سے پہلے فوکس آئندہ برس ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ پر ہے جو کہ جنوبی افریقہ میں ہے، اس کے بعد پھر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا سوچوں گا۔






