حکومت اور عوام ہمیشہ سعودی بھائیوں، بہنوں کےساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے: وزیراعظم کی محمد بن سلمان کو یقین دہانی

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستانی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنےسعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ سعودی عرب کیساتھ ایسےکھڑے رہیں گے جیسے سعودی قیادت اور عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ وزیرِ اعظم اور سعودی عرب کے ولی عہد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم نے جاری حملوں کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور حملوں کے تناظر میں سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ شہباز شریف نے آج سعودی عرب میں الجبیل آئل فسیلیٹی پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کےساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، سعودی عرب کیساتھ ایسےکھڑے رہیں گے جیسے سعودی قیادت اور عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ وزیرِ اعظم نے موجودہ کشیدگی کےدوران سعودی قیادت کی جانب سے تحمل اور دانشمندی کے مظاہرے کو سراہا۔ شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان دیگر ممالک کیساتھ ملکر امن کی کوششوں کو کامیاب بنانےکےلیے بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نےکشیدگی کم کرنےکےلیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے بھی سعودی ولی عہد کو آگاہ کیا جبکہ سعودی ولی عہد نےخطےمیں امن واستحکام کی بحالی کےلیےپاکستان کی کوششوں کو سراہا۔