وزیراعظم اور ایرانی صدر کا رابطہ، وفد کی پاکستان آمد کی تصدیق کردی

وزیراعظم شہباز شریف اور اراین کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے امریکا ایران جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم دفتر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان 45 منٹ تک ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی، جس میں… سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سیز فائز کے لیے ایرانی قیادت کی ذہانت کی تعریف کی اور امریکا کے ساتھ اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے آمادگی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے تعظیم کا پیغام بھی بھجوایا۔ اعلامیے کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے دو ہفتوں کی جنگ بندی کے لیے اقدامات کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی لیڈر شپ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پاکستانی وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ ایران کا وفد مذاکرات کے لیے اسلام آباد آئے گا۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے جامع مذاکرات اسلام آباد میں ہونے جا رہے ہیں، جس میں ایران کی جانب سے اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی جبکہ امریکا کی جانب سے نائب صدر جے ڈی وینس اور اسٹیو وٹکوف شریک ہوں گے۔ دوسری جانب وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف نے امریکا ایران جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کے حوالے سے ارکان کو بریف کیا اور انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں اہم کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو خراج تحسین پیش کیا۔