امریکا ایران جنگ بندی سفارتکاری کی کامیابی ہے، رضوان سعید شیخ

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ امریکا ایران جنگ بندی سفارتکاری کی کامیابی ہے، اس میں پاکستان کا کلیدی کردار رہا۔ پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی سفارتکاری اور مکالمے کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں کئی ہفتوں سے جاری تھیں اور ملک نے ہمیشہ مثبت سفارتکاری کو ترجیح دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فریقین کا پاکستان پر اعتماد قابلِ قدر ہے اور پاکستان محض ایک سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے جبکہ حتمی فیصلے متعلقہ فریقین نے خود کرنے ہیں۔ سفیر کے مطابق اس عمل میں سعودی عرب، ترکیہ، مصر، قطر اور چین نے بھی اہم معاونت فراہم کی، جبکہ چین نے فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل اور سفارتکاری کا راستہ اختیار کریں۔ رضوان سعید شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے سفارتی کوششوں میں براہِ راست کردار ادا کیا اور مذاکراتی عمل کی کامیابی کے لیے رازداری نہایت اہم ہے۔ ان کے مطابق دباؤ سے آزاد مذاکرات ہی فیصلہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔ ایران کی آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلیجی ممالک کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور تقریباً 55 لاکھ پاکستانی وہاں مقیم ہیں، جبکہ خلیجی قیادت کے ساتھ مسلسل مشاورت جاری رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مخلصانہ کوششیں مثبت نتائج دیں گی۔