1973 کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے: وزیراعظم کا پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم دستور کی مناسبت سے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ 1973 کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے۔ اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن قومی جذبے سے منارہے ہیں، ہم دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے… وزیراعظم نے کہا کہ آئین عوام اور ریاست کے مابین مقدس معاہدے کا نام ہے، آئین عوام اور ریاست کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 10اپریل1973کو منظور متفقہ آئین نے پارلیمانی جمہوری نظام حکومت کی بنیاد رکھی، 1973کا آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے اور یہ آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاق کی تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت اور معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار سرانجام دے رہی ہیں، تمام ریاستی اکائیاں تابندہ مستقبل کے لیے کام کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ اللہ نے پاکستان کو جس عزت سے نوازا اس کےلیے ہمارے سر اس کے آگے سربسجود ہیں، پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کیے اپنی ترقی وخوشحالی کاسفر جاری رکھے گا۔