پاک بحریہ کا شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب سرچ آپریشن، 18افراد پر مشتمل غیر ملکی عملے کو بحفاظت ریسکیو کرلیا

پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب سرچ آپریشن کرتے ہوئے 18افراد پر مشتمل غیر ملکی عملے کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کیا۔ تجارتی بحری جہاز ایم وی گولڈ آٹم سے ہنگامی سگنل موصول ہوئے تھے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہنگامی سگنل کے بعد 18افراد پر مشتمل عملے کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا، ریسکیو کیے گئے افراد میں چین، بنگلادیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا کے شہری شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ  پاک بحریہ کے جہازپی این ایس حنین نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت اور تجربے کا مظاہرہ کیا اور  سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن انجام دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جہاز پر موجود ماہر ٹیم نے طبی امداد فراہم کی، آگ بجھانے میں مدد دی۔ پاک بحریہ نے نقصان کا جائزہ لیا،عملے کو بحفاظت نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو طبی سہولتوں کی فراہمی، اپنے اپنے ممالک واپسی کیلئے بحفاظت کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ  پاک بحریہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر مدد کیلئے ہمہ وقت تیار ا ور پرعزم ہے۔