وزیراعظم شہباز شریف سے کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کو کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے آج شام ٹیلی فون کیا۔ اپنی گفتگو کے دوران کینیڈین وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کی امن کوششوں پر مبارکباد پیش کی جن کی بدولت عارضی جنگ بندی ممکن ہوئی اور… پاکستان کی سفارتی کوششوں کے لیے کینیڈا کی توثیق اور حمایت کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ امریکہ ایران مذاکرات امن کی جانب ایک اہم قدم ہیں اور یقین دلایا کہ پاکستان جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن و استحکام کی جانب بامعنی پیش رفت کے لیے دونوں فریقین پر زور دینے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا اور زراعت، قابل تجدید توانائی، کان کنی اور معدنیات میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں کینیڈا کی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کینیڈین وزیراعظم کو ان کی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔






