وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی ہم منصب سے اہم رابطہ، خطے کی تازہ صورتحال پر گفتگو

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں خطے کی صورتحال، جاری کشیدگی اور امن کے فروغ کیلئے پاکستانی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا گفتگو میں علاقائی امن و استحکام کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا اور… ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے گزشتہ رات تفصیلی ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں خطےکی مجموعی صورتحال، جاری کشیدگی اور امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اسحاق ڈار نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور فریقین کے درمیان مکالمے کے فروغ کیلئے اپنی جاری سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔ ٹیلیفونک گفتگو میں اسحاق ڈار نے اس امر کا اعادہ کیا کہ مسائل کا پائیدار حل صرف بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے، وزیر خارجہ پاکستان نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے فروغ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا گفتگو میں علاقائی امن و استحکام کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا اور سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے بھی ایرانی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور بطور ثالث ملک پاکستان کی تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔