پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی سے متعلق آئی ایم ایف کا حکومت پاکستان سے اہم مطالبہ

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی جاری نہ کی جائے۔ حکومت پاکستان کی بجٹ 2026-27کی تیاری کے لیے آئی ایم ایف سے ابتدائی ورچوئل مشاورت جاری ہے۔ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس کی چھوٹ اور رعایتیں کم سے کم رکھی جائیں۔ آئی ایم ایف کے مطابق مالی بوجھ سے بچنے کے لیےتوانائی،ایندھن کی قیمتوں میں بروقت ایڈجسٹمنٹ ضروری ہے، توانائی، بجلی کے نرخوں سے متعلق ریگولیٹر اداروں کی تجاویز پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس کی چھوٹ اور رعایتیں کم سے کم رکھی جائیں۔ ذرائع کے مطابق بجٹ میں ٹیکس نیٹ وسیع کرنا، سیلزٹیکس استثنیٰ میں کمی، اخراجات مزید کم کرنے کی تجاویز بھی دی گئی ہیں، اس کے علاوہ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں کم از کم ایک فیصد اضافہ کیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان آئندہ بجٹ کے لیے اہم اہداف طے کیے جا رہے ہیں، عالمی حالات میں بہتری اور معاشی اصلاحات سے آئندہ مالی سال کی درمیانی مدت میں شرح نمو کا ہدف 5.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔