معرکہ حق کا خلاصہ اتنا ہے کہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا: وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دشمن کے تاریکی میں کیے حملے کا تاریخی جواب دیا، معرکہ حق کا خلاصہ اتنا ہےکہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا۔ دشمن جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوگیا، ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہ کرسکا۔ آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب ہوئی۔ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سمیت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے۔ مختلف ممالک کے سفیر، سول اورعسکری حکام، شہدا کے لواحقین بھی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ بجایا گیا۔ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی پیش کی۔ وزیراعظم کی اپیل پر تقریب میں مادروطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کی عظیم کامیابی پراللہ تعالی کےحضور سجدہ شکربجالاتے ہیں، مادر وطن کے تحفظ کےلیےجام شہادت نوش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بناکر بے بنیاد الزامات لگائے، ہم نے دشمن کو ہر قسم کی مہم جوئی کے انجام سے آگاہ کیا تھا، ہم نے واقعے کی ہرطرح کی تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی، بزدل دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کردی جس کا بہادر افواج نے تاریخی جواب دیا، جب ہمارے شاہین دشمن پر جھپٹے تو دشمن کو جان کے لالے پڑگئے، معرکہ حق کا خلاصہ اتنا ہے کہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا، دشمن جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوگیا، ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہ کرسکا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں 10 مئی کو یوم معرکہ حق کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتا ہوں، یوم معرکہ حق ہرسال بھرپور جوش وجذبے سے منایا جائےگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن کے شہدا،ان کے اہلخانہ اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، بہادر مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں اور پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں، ائیرچیف مارشل ظہیراحمد بابر کا ذکر نہ کروں تو تاریخ ادھوری رہےگی، ہماری فضائیہ نے دشمن کے دعوؤں کا پول کھول دیا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور بحریہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، معرکہ حق میں 24 کروڑ عوام اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کےکھڑے رہے۔ ایران جنگ میں ثالثی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ساتھ دینے پر برادر اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جنگ کےخاتمے کے لیےکردارادا کیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر طیب اردوان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا بھی شکریہ جنہوں نے معرکہ حق میں سیاسی،سفارتی اور اخلاتی حمایت کی۔ وزیراعظم کا امریکی تجویز پر ایران کا جواب موصول ہونےکی تصدیق وزیراعظم نے کہا ک برادر ہمسایہ ملک ایران میں امن قائم کرنے کے لیے پاکستان اپنی صلاحیتیں بروئے کار لارہا ہے، ہم نے 1979 کے بعد انہیں مذاکرات پر لانے میں اہم کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل نے ابھی بتایا کہ ایران کا جواب موصول ہوگیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم اقوام کے حقوق اور انصاف کے لیے توانا آواز بن کرکھڑا ہوا ہے، پاکستان نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے لیے ہر سطح پر آواز بلندکی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بےمثال قربانیاں دیں، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ہمارےجوان بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں، نوجوان ہی ہمارا سب سے بڑا قیمتی اثاثہ ہیں۔