سربراہ پاک فضائیہ کی ترکیہ کے دفاعی، فضائیہ اور ایرو اسپیس قیادت سے اہم ملاقاتیں، ایرو اسپیس جدت میں اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران دفاعی، فضائیہ اور ایرو اسپیس کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ اعلیٰ سطح ملاقاتوں کے سلسلے میں ائیر چیف نے سب سے پہلے ترک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز میں جنرل ضیا کمال کادی اوغلو سے ملاقات کی جہاں انہیں تاریخی اور پرُتپاک… اس موقع پر ائیر چیف نے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل ضیا کمال کادی اوغلو، وزیرِ قومی دفاع یاسر گلیر اور بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بیرکتر سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے مابین دفاعی تعاون، ایرو اسپیس جدت اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اعلیٰ سطح ملاقاتوں کے سلسلے میں ائیر چیف نے سب سے پہلے ترک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز میں جنرل ضیا کمال کادی اوغلو سے ملاقات کی جہاں انہیں تاریخی اور پرُتپاک استقبال کے ساتھ گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ترک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے کی جانب سے پیش کیا گیا گارڈ آف آنر دونوں ممالک کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کا مظہر تھا۔ دونوں فضائی سربراہان نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ فضائی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر مشترکہ عسکری مشقوں، پیشہ ورانہ تبادلہ پروگرامز اور جدید تربیتی اقدامات کے ذریعے پاک فضائیہ اور ترک فضائیہ کے درمیان آپریشنل ہم آہنگی اور باہمی استعداد کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سربراہ ترک فضائیہ نے ترک پائلٹس کی ٹریننگ میں پاک فضائیہ کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے اسے دونوں فضائی افواج کے مابین پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل فہم کے فروغ کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ دونوں جانب سے موجودہ دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے شعبہ جات میں ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تاکہ بدلتے ہوئے سکیورٹی مسائل سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ بعد ازاں سربراہ پاک فضائیہ نے ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاسر گلیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون، عسکری روابط اور مختلف شعبہ جات میں مشترکہ اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ائیر چیف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اسلامی اخوت، باہمی اعتماد اور مشترکہ تزویراتی مفادات پر مبنی ہیں۔ ترک وزیرِ دفاع نے موجودہ قیادت کی جانب سے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید سطح پر استوار کرنے کے عمل کو سراہا اور تربیت، استعداد کار میں اضافے اور ایرو اسپیس تعاون کے شعبوں میں دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دورے کے دوران ایک اور اہم ملاقات میں ائیر چیف نے بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سلجوق بیرکتر سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ایرو اسپیس جدت، بغیر پائلٹ فضائی نظام اور جدید ٹیکنالوجیز میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا جو دونوں ممالک کے مابین دفاعی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ کا یہ اہم دورہ، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط اور دیرپا تزویراتی شراکت داری کا واضح مظہر ہے۔ یہ دورہ اس امر کا ثبوت ہے کہ دونوں برادر ممالک دفاع، ایرو اسپیس اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دے کر اپنے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہیں۔